اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور کی جانب سے اسلام آباد اور پنجاب پر لشکر کشی کی دھمکی 9 مئی دہرانے کا اعلان ہے۔ گولی چلانے اور لاشیں گرانے کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بیان ان کی اپنی ناکامی کا اعتراف ہے کہ وہ خیبر پی کے حکومت چلانے کے قابل نہیں ہیں۔ اسلام آباد اور پنجاب پر لشکر کشی کی دھمکی 9 مئی دوہرانے کا اعلان ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا گالی سے اب گولی پر آگئے ہیں، اس سے وہ اپنا نقصان کریں گے، کسی اور کا نہیں۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا کوئی بیان، کوئی اقدام اور کوئی رویہ جمہوری، سیاسی اور پارلیمانی نہیں ہے۔ انہوں نے کبھی نہیں کہا کہ ہم تعلیم، صحت، روزگار اور معاشی بہتری کے میدان میں مقابلہ کریں گے۔ انقلاب لانا ہے تو صحت، تعلیم اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا انقلاب لائیں۔ خیبر پی کے میں کرپشن اور نا اہلی کی انتہا ہو چکی۔ اصل مقابلہ یہ تھا کہ وفاق اور پنجاب کی طرح بجلی کے صارفین کو خیبرپختونخوا حکومت اپنے صوبے میں کوئی ریلیف دیتی۔ اصل مقابلہ یہ تھا کہ ہسپتال اور درس گاہوں کی تعمیر سے عوام کی خدمت کا کوئی ریکارڈ بناتے۔ صدر شی جن پنگ کے دورے کو دھرنوں سے ناکام بنانے والے اب ایس سی او کے اجلاس کے موقع پر پھر فساد مچانا چاہتے ہیں۔ پاکستان کو ڈیفالٹ کے کنارے پہنچانے والی پی ٹی آئی کو تکلیف ہے کہ پاکستان معاشی بحالی کی راہ پر کیوں چل پڑا ہے۔ عوام کو تیز ترین مہنگائی سے تکلیف دینے والوں کو تکلیف ہے کہ مہنگائی 32 فی صد سے 9.6 فی صد پر کیوں آگئی ہے۔ گالی، گولی اور بندوق سے مہنگائی کم ہوگی نہ بے روزگاری۔ 11 سال سے خیبرپختونخوا پی ٹی آئی کی لوٹ مار کا اڈہ بنا ہوا ہے۔