لاہور ( نیوز رپورٹر ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاہے کہ غذائی وسائل کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے پلاننگ کی ضرورت ہے-خوراک کے ضیاع میں کمی کے بارے میں آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلی مریم نوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ خوراک کا ضیاع عالمی مسئلہ بن چکا ہے،جو معیشت کو بھی نقصان پہنچاتا ہے اور ماحول کو بھی۔ دنیا بھر میں کروڑوں لوگ بھوک کا شکار ہیں،دوسری طرف لاکھوں ٹن خوراک ضائع ہو جاتی ہے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ خوراک کا متناسب استعمال ناگزیر ہے، اپنی کمیونٹی میں خوراک کی قدر اجاگر کریں۔ ہم ملکر پاکستان کے قدرتی وسائل کومحفوظ کر سکتے ہیں۔انہو ں نے مزید کہاکہ پاکستان بھی کسی حد تک خوراک کے ضیاع اور کمی کا شکار ہے- خوراک کے ضیاع کو کم کرنا دینی اور اخلاقی فریضہ بھی ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ غذائی وسائل کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے پلاننگ کی ضرورت ہے۔ خوراک کے ضیاع کو کم کر کے بھوک سے متاثرہ لوگوں کی مدد کر سکیں -وزیراعلی مریم نوازشریف نے واضح کیا کہ خوراک کے ضیاع کے تدارک کے لیے موثر آگاہی مہم کی ضروری ہے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے بتایا کہ پنجاب میں سکول نیوٹریشن پروگرام کے تحت بچوں میں غذائی قلت دور کرنے کا تاریخی پراجیکٹ جاری ہے جس کے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت ڈی جی خان، مظفر گڑھ اور راجن پور کے ہزاروں سکولوں میں تقریبا ساڑھے 4لاکھ بچوں کودودھ کے بند ڈبے فراہم کئے جا رہے ہیں - دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجگور میں بے گناہ مزدوروں پرفائرنگ کی شدید مذمت کی ہے- وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے فائرنگ سے7 مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیااور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا ہے-