رحیم یار خان (نوائے وقت رپورٹ) پولیس نے رحیم یار خان کچہ بھونگ آپریشن میں بدنام زمانہ ڈاکوؤں کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 خطرناک ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ جن کی شناخت قادر بخش دشتی، دلوش دشتی اور نیاز بکھرانی کے ناموں سے ہوئی، کلاشنکوفیں، سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئیں۔ ہلاک ڈاکوؤں کے ساتھی کماد کی فصل میںگھس کر فرار ہو گئے۔ ڈی ایس پی بھونگ کی سربراہی میں ایس ایچ او بھونگ نوید واہلہ انچارج سی آئی صادق آباد سیف اللہ ملہی ایلیٹ ٹیمز اور پولیس کی بھاری نفری نے پولیس آپریشن میں حصہ لیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچے میں کامیاب کارروائی پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور پولیس کو شاباش دی۔