اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے سینیٹر طلال چودھری نے کہا ہے کہ ایسی اجازت نہیں دے سکتے کہ 9 مئی دوبارہ ہو، جمہوری جماعتوں کو جلسے کی اجازت دی جاتی ہے۔ قانون کی پابندی کرنا ہو گی ہم پابندی کروا کر دکھائیں گے، انہیں دو جلسوں کی اجازت دی گئی۔ روٹ بتایا گیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ جن کی تاریخ 9 مئی‘ 126 دن کا دھرنا ہو انہیں اجازت دیتے ہوئے بہت کچھ سوچنا ہوتا ہے۔ بڑا افسوس ہے کہ شعیب شاہین نے قانون توڑنے کا جواز پیش کیا۔ جماعت اسلامی نے حکومت کی اجازت سے دھرنا دیا، ایک گملا نہیں ٹوٹا ان کا وزیراعلیٰ ایسی تقریر کرتا ہے جیسے لشکر لیکر فتح کرنے آ رہا ہے۔ کیا پنجاب میں احتجاج کیلئے ان کے پاس پنجابی نہیں۔ راولپنڈی میں لوگ نہیں یہ احتجاج اس بات پر کر رہے ہیں کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو گیا۔ سٹاک ایکس چینج اوپر جا رہی ہے، ان کے پیٹ میں درد ہو رہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا ہو گی۔ انہیں ایسا چیف جسٹس چاہئے جس کی ساس کو بھی فکر ہو کہ ہینڈسم کو سزا نہ ہو جائے۔ پارلیمنٹ چلے گی قانون سازی کرے گی اور اپنی مرضی کی کرے گی۔