لاہور (نوائے وقت رپورٹ)حارو برج اور کٹی پہاڑی ایم ون موٹر وے اٹک پر ہفتہ کے روز ڈنڈوں سوٹوں سے مسلح سیاسی جماعت کے جتھوں نے پولیس پر دھاوا بولا۔پنجاب پولیس نے توڑ پھوڑ پر آمادہ مسلح مشتعل افراد کو کنٹرول کرنے کیلئے آتشی اسلحہ کا استعمال نہ کرنے کے ایس او پیز پر عمل کیا جبکہ شہریوں اور املاک کی حفاظت کے دورانبلوائیوں کے حملے میں پنجاب پولیس کے 26 افسرو اہلکار زخمی ہوگئے۔ ایس ایچ او انسپکٹر ساجد کو لاٹھی لگنے سے بائیں ہاتھ اور کمر پر چوٹیں آئیں۔ اے ایس آئی عامر سجاد کو دونوں ہاتھوں پر زخم آئے، اے ایس آئی خرم شہزاد کو پتھر لگنے سے بائیں رخسار اور سر پر شدید چوٹ لگی۔ ہیڈ کانسٹیبل عزیز احمد سر پر ڈنڈا لگنے سے زخمی ہوئے، کانسٹیبل عثمان علی ، شاکر علی،عمر شہزاد‘ محمد اکبر‘ عرفان علی ،کانسٹیبل ثاقب علی، عبدالمالک ، کانسٹیبل مظہر ،ظہیر عباس، غلام فرید اور محمد عمران بھی لاٹھیوں کے وار سے شدید زخمی ہوئے۔ کانسٹیبل طیب حسین، محمد عمران، عمر خان، شرجیل اجمل، عمران خان، انمول، قاسم، عمران شہزاد، فیضان خان، اور سراج احمد کو بھی جسم کے مختلف جگہوں پر چوٹیں آئیں۔آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا اور ڈی پی او اٹک سردار غیاث گل خان اس سارے معاملے کے دوران مسلسل فیلڈ میں موجود رہے۔
اٹک موٹروے ،مسلح جتھوں کے حملہ میں26پولیس افسر وجوان زخمی ہوئے
Sep 30, 2024