پشاور (نوائے وقت رپورٹ) سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کالے قانون بنا کر ملک نہیں چل سکتا۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکمران ملک کوکس طرف لے جا رہے ہیں، نوجوان مایوسی کی باتیں کر رہے ہیں، پاکستان میں احساس محرومی بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا آئینی ترمیم پہلے بھی ہوتی رہی ہیں، لیکن رات کے اندھیرے میں پہلی دفعہ دیکھی۔ اراکین اسمبلی کو بھی آئینی ترمیم بارے پتہ نہیں تھا، یہ کونسی جمہوریت ہے؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک ہی راستہ ہے کہ اس ملک کی سیاسی لیڈرشپ، جوڈیشل لیڈرشپ، فوج کی لیڈرشپ ایک ٹیبل پر بیٹھ کر آگے کے راستے کا تعین کریں اور ملک کو اس پر چلائیں۔