معمولی غلطی پر    2 ہزار کا چالان‘ غریب عوام کے وارڈنز کے ساتھ جھگڑے بڑھ گئے

لاہور (سٹاف رپورٹر) لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر دو ہزار روپے کے چالان پر ٹریفک وارڈنز اور شہریوں کے جھگڑوں میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا۔ وارڈنز کی جانب شناختی کارڈ اور لائسنس نہ ہونے پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چابیاں اتار کر موقع پر جرمانے کی ادائیگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جو جھگڑوں کی دوسری بڑی وجہ بن گئی ہے۔ وارڈنز کی جانب سے جیز کیش کے ذریعے چالان جمع کروانے کی شرط رکھی گئی‘ جبکہ اکثر ایسے مقامات پر چالان کئے جا رہے ہیں جہاں قریب کوئی جیز کیش کی دکان موجود نہیں ہوتی اور شہریوں کو دور دراز پیدل چل کر چالان جمع کروانا پڑتا ہے۔ مہنگائی کے مارے عوام کی اکثریت دو ہزار کے چالان پر بھی آگ بگولہ ہیں۔ دوسری جانب ٹریفک پولیس کی جانب سے رعایت نہیں برتی جا رہی۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ معمولی غلطی پر وارننگ دی جائے یا دو ہزار کی بجائے دو سو روپے تک کا چالان کیا جائے اور چالان کی موقع پر ادائیگی کی شرط ختم کی جائے اور دو روز تک کا وقت دیا جائے۔ زیادہ چالان ہیلمٹ نہ پہننے اور سیٹ بیلٹ نہ لگانے پر کئے جا رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن