لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل وطن عزیز پاکستان میں اور بیرون پاکستان چند افراد کی طرف سے توہین ناموس رسالت و توہین مذہب کے قوانین کے حوالہ سے بے بنیاد پراپیگنڈا مہم کی مذمت کرتی ہے۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، وائس چیئرمین مولانا نعمان حاشر، مولانا اسعد زکریا قاسمی، مولانا مفتی فلک شیر، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا اسلم صدیقی اور دیگر قائدین نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر شاہنواز کا معاملہ ہو یا کسی اور کا، توہین ناموس رسالت و توہین مذہب کے الزام اور مقدمات کے حوالہ سے کسی قسم کے بے بنیاد پراپیگنڈا کی بجائے اصل حقائق کی طر ف توجہ دینی چاہیے۔ ڈاکٹر شاہنواز کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ اس کو ماورائے عدالت کیوں قتل کیا گیا اس کی غیر جانبدارانہ مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔ اس حوالہ سے پاکستان علماء کونسل نے اسلام آباد میں مختلف مکاتب فکر کی قیادت میں اہم وکلاء اور حکومتی ذمہ داران کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ صحیح اور حقیقی صورتحال کو سامنے لایا جا سکے۔