اسلام آباد( خصوصی رپورٹ)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز(اے اے او یو)کی 37ویں تین روزہ سالانہ عالمی کانفرنس منعقد کرانے کی تیاریاں عروج پر ہیں،وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی خواہش کے مطابق اس کانفرنس کو یاد گار بنانے کے لئے انتظامات کوحتمی شکل دی جارہی ہے۔اس کانفرنس میں مقررین فاصلاتی نظام تعلیم کی اہمیت اور مقاصد کو اجاگر کرنے اور اس نظام کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر مقالے پیش کریں گے جنہیں یونیورسٹی کی تحقیقی مجلوں میں شائع کرنے کا موقع بھی دیا جائے گا۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ فاصلاتی نظام تعلیم کو مزید موثر بنانے کے لئے مل بیٹھ کر مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے، امید ہے کانفرنس کے شرکاء اس جانب خصوصی توجہ دیں گے۔