بن غازی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے باغی کونسل کے رہنما مصطفیٰ عبدالجلیل کا کہنا تھا کہ ہتھیارڈالنے کا عندیہ قذافی کے آبائی گاؤں سرت اوردیگرقصبوں میں موجود قذافی کی حامی فورسزکے لیے ہے۔ جلیل نے کہا کہ اگر قذافی حامی فوج کی جانب سے ہفتے کے روز تک ہتھیار ڈالنے کے اشارے نہ ملے تو پھرقذافی فورسزانجام بھگتنے کے لیے تیار ہو جائیں، اب ہم مزید انتظار نہیں کرسکتے۔ کونسل کے فوجی سربراہ کرنل احمد عمر بانی نے کہا کہ ڈیڈلائن بہت قریب ہے اور ابھی تک کوئی مثبت اشارے نہیں ملے، دوسری جانب الجزائر کے دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کیئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ قذافی کی اہلیہ صفیہ، بیٹی عائشہ اور بیٹے محمد اور ہنیبل پیر کی صبح لیبیا سے الجزائر پہنچے۔ اقوامِ متحدہ میں الجزائر کے سفیر مراد بن مہدی نے بتایا کہ انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملک میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔