کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی زبردست تیزی رہی ، ہنڈریڈ انڈیکس مزید ایک سو اڑتیس پوائنٹس بڑھ گیا۔


کراچی اسٹاک مارکیٹ میں آج بھی تیزی برقرار رہی، پہلے سیشن کے دوران انڈیکس میں سو سے زائد پوائنٹس کا اضافہ رہا اور دوسرے سیشن میں انڈیکس ایک سو پچاس پوائنٹس بڑھ کر پندرہ ہزار چار سو پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا۔ کاروبار کے اختتام پر لکی اور ڈی جی خان سیمنٹ، اینگرو فوڈ، جہانگیر صدیقی سمیت چند اسکرپٹس میں پرافٹ ٹیکنگ کے باعث انڈیکس پندرہ ہزار چار سو پوائنٹس کی سطح برقرار نہ رکھ سکا۔ کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس ایک سو اڑتیس پوائنٹس بڑھ کر پندرہ ہزار تین سو بانوے پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی کاروباری حجم گزشتہ روز کے مقابلے میں چھ کروڑ شئیرز کی کمی کے ساتھ چوبیس کروڑ شئیرز رہا۔ حجم کے اعتبار سے ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کے حصص میں سب سے زیادہ سودے ہوئے۔ بروکرز کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں اس ہفتے مسلسل تیزی کے بعد آئندہ ہفتے بڑی کریکشن دیکھی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب لاہور سٹاک مارکیٹ میں بھی آج تیزی رہی۔ ایل ایس پچیس انڈیکس بارہ پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ چار ہزار ستائیس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں اٹھاسی کمپنیوں کے باون لاکھ ستاسٹھ ہزار نو سو حصص کا کاروبار ہوا۔ پچیس کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، اکیس کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ بیالیس کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔

ای پیپر دی نیشن