مخلوط نظام تعلیم کیخلاف شہریوں کا مظاہرہ‘ گرلز مڈل سکول بارہ قطعہ کو تالے لگا دئیے

Aug 31, 2013

کبیروالا(نامہ نگار) نواحی علاقہ موضع بارہ قطعہ میں پنجاب حکومت کی ہدایات پر گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول کے پہلی تین کلاسوں کے طلباءکو گورنمنٹ مڈل گرلزسکول بارہ قطعہ میں پڑھنے کے لئے بھجوا دیا گیا ،صورت حال کا علم ہونے پر اہل علاقہ اور طالبات کے درجنوں والدین نے گزشتہ روز گورنمنٹ مڈل گرلزسکول بارہ قطعہ کے مین گیٹ پر تالے لگادئیے ،جس کی وجہ سے مقررہ وقت پر پہنچنے والی اساتذہ،طالبات اور دیگر سٹاف کو کافی دیر تک سکول سے باہر روڈ پر بیٹھنا پڑا ، حالات کا علم ہونے پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کبیروالا میڈم تسلیم موقع پر پہنچ گئی اور والدین کے ساتھ مذاکرات کرتے ہوئے انہیں سکول گیٹ کی تالابندی ختم کرنے پر راضی کرلیا ۔اس موقع پر اہل علاقہ اور درجنوں والدین محمد صدیق ،محمد عرفان ،محمد رفیق،عبدالشکور،محمد غفور،رفیق فوجی،صدیق فوجی ،طارق محمود ،رفیق گلشن ،چوہدری نذیر احمد وغیرہ نے ”مخلوط نظام تعلیم “ پالیسی پر حکومت پنجاب کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسلامی اصولوں اور معاشرتی اور اخلاقی اقدار منافی مخلوط نظام تعلیم کی پالیسی کو ختم کیا جائے ،اگر پالیسی تبدیلی نہ کئی گئی تو ہزاروں طالبات اپنی تعلیم چھوڑنے پر مجبور ہوجائیں گی ،جس کی تمام تر ذمہ داری ”لکھا پڑھا پنجاب “ کے دعویدار وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ہوں گے۔

مزیدخبریں