قندوز (رائٹرز+ اے ایف پی) افغانسان کے شہر قندوز کی ایک مسجد میں خود کش حملہ کے نتیجہ میں گورنر اور اس کے محافظ سمیت 13 افراد ہلاک 25شدید زخمی ہو گئے۔ افغان حکام کے مطابق صوبہ قندوز میں ضلع آرچی کے گورنر شیخ صدرالدین مقامی مسجد میں قبائلی عمائدین کے تعزیتی اجتماع میں شریک تھے کہ ایک خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ مرنیوالوں میں 11عام شہری شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں اکثر کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ صوبہ قندوز کی حکومت کے ترجمان سرور حسینی نے ضلع آرچی کے گورنر شیخ صدرالدین کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خود کش حملہ آور نے شیخ صدرالدین کو ہی نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ شیخ صدرالدین طالبان کے خلاف شمالی اتحاد کی طرف سے عرصے تک برسر پیکار رہے۔ جبکہ قندور کے کئی حصوں پر طالبان کا کنٹرول بتایا جا رہا ہے۔ شیخ صدرالدین پر حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکھٹے کئے۔ ادھر وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق اتحادی اور افغان فورسز نے نے ملک کے مختلف صوبوں بغلان ، کندوز ، ننگر ہار ، کاپیسیا ، جوز جان ،قندھار اور ہلمند میں طالبان کیخلاف مشترکہ کارروائیوں میں 57 عسکریت پسندوں کو ہلاک اور دس کو زخمی کرنے کا دعویٰ کیا ہے بیان کے مطابق کارروائیوں میں چار عسکریت پسندوں کو گرفتار بھی کیا گیا وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق مذکورہ علاقوں میں مشترکہ کارروائی طالبان کی کارروائیوں کے سدباب کیلئے کی گئی تاہم طالبان نے کارروائیوں میں عسکریت پسندوں کی ہلاکت بارے وزارت داخلہ کا دعویٰ مسترد کردیا ہے۔