دہشت گردی کا خاتمہ‘ توانائی بحران پر قابو پانا حکومتی ایجنڈے میں سرفہرست ہے : شہباز شریف

دہشت گردی کا خاتمہ‘ توانائی بحران پر قابو پانا حکومتی ایجنڈے میں سرفہرست ہے : شہباز شریف

Aug 31, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ اور توانائی کے بحران پر قابو پانا حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں جبکہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پاکستان کی یورپی منڈیوں تک رسائی اور جی ایس پی پلس درجہ ملنے سے غربت اور بے روزگاری میں کمی واقع ہو گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دہشت گردی کے قلع قمع میں مدد ملے گی۔ پنجاب میں لائیوسٹاک، ڈیری فارمنگ، زراعت اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ہالینڈ ان شعبوں کی بہتری میں تعاون کرے۔ ہم امداد نہیں بلکہ تجارت اور دونوں ملکوں کے مابین معاشی و صنعتی تعلقات بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ وہ گذشتہ روز پاکستان میں ہالینڈ کے سفیر مارسل ڈی ونک سے ملاقات کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ہالینڈ کے مابین دوستانہ تعلقات ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جائے۔ ہم ایڈ نہیں بلکہ ٹریڈ چاہتے ہیں اور ہالینڈ کو لائیوسٹاک اور زراعت کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل ہے اور ہم ہالینڈ کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کو درپیش چیلنجزکا ذکرکرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کے بحران کا سامنا ہے جس کے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ توانائی کے اس بحران پر قابو پانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ہالینڈ کے سفیر نے کہا کہ وہ پاکستان اور ہالینڈ کے مابین تعلقات کے مزید فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں۔ ہالینڈ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا پانچواں بڑا ملک ہے اور وہ پاکستان اور ہالینڈ کو قریب لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے سابق رکن اسمبلی محفوظ ارائیں کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
شہباز شریف

مزیدخبریں