اوگرا سکینڈل: توقیر صادق کا مزید 12روزہ ریمانڈ، 10ستمبر کو پیش کرنیکا حکم

اوگرا سکینڈل: توقیر صادق کا مزید 12روزہ ریمانڈ، 10ستمبر کو پیش کرنیکا حکم

اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت نے 82ارب روپے کے اوگرا سکینڈل کے مرکزی کردار توقیر صادق کا مزید 12روزہ جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے انہیں 10ستمبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ نیب پراسیکیوٹر بیرسٹر سعید نے عدالت کو بتایا کہ 22اگست کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے چار افسران کے بیانات ریکارڈ کئے گئے۔ یو اے ای کے بینک اکاﺅنٹ سے ریکوری کرنی ہے جس کے لئے مشترکہ قانونی مدد کی درخواست کی ہے۔ مقدمہ میں اس وقت تک 3.2ارب کی ریکوری کر لی گئی ہے۔ توقیر صادق کے پارٹنر نے کمیشن مد میں وصول کردہ ایک کروڑ 34لاکھ روپے کی رقم کی چیک کی صورت میں واپسی کر دی ہے۔ مزید دو ملزمان بیرون ملک ہیں، نیب کی جانب سے توقیر صادق کے طبی معائنے کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی جس کے مطاق توقیر صادق کی بینائی درست ہے انکے ہاتھ کا درد پرانا ہے جس کے لئے انہیں طبی امداد کی ضرورت ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ توقیر صادق کے کونسل نے مزید ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ پہلے دئیے گئے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کے دوران نیب نے آٹھ دن تک انکے موکل سے تفتیش ہی نہیں کی۔ لہٰذا مزید ریمانڈ کی استدعا کو مسترد کیا جائے، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ملزم کا 12روزہ جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے اسے 10ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
اوگرا سکینڈل

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...