اسلام آباد (آئی این پی)وزیراعظم نواز شریف نے ترکی کے نئے وزیراعظم ڈاکٹر احمد دائود اوگلو کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ ہفتہ کو اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ڈاکٹر احمد دائود اوگلو کا وزیراعظم کی حیثیت سے انتخاب ترکی کے عوام کے ان پر اعتماد کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ترکی آپ کی دانشمندانہ قیادت میں امن اور ترقی کی جانب سفر جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی خصوصی تعلق میں بندھے ہیں۔ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ ہمارے قریبی دوطرفہ تعلقات مزید فروغ پا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنی بڑھتی ہوئی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک وسعت دینے کے لئے مل کر کام کریں گے جو ہمارے دونوں ممالک کے بہترین مفاد اور علاقائی امن، استحکام و خوشحالی میں کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ترک وزیراعظم کی کامیابی اور برادر ملک ترکی کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعاگو ہیں۔
ترکی کیساتھ شراکت داری کو نئی بلندیوں تک وسعت دینگے:نوازشریف
Aug 31, 2014