این اے 122، پی پی 147، پیپلز پارٹی کی انتخابی سرگرمیاں شروع، امیدواروں کا اعلان

Aug 31, 2015

لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی نے لاہور میں این اے 122 اور پی پی 147 کے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔ این اے 122 کیلئے بیرسٹر عامر حسن اور پی پی 147 کیلئے افتخار شاہد کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ گزشتہ روز مقامی شادی ہال میں پیپلز پارٹی کا ایک جلسہ منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر عامر حسن نے کہا عمران خان پنڈی کی نشست سے استعفیٰ دے کر لاہور میں اپنے گھریلو حلقہ سے انتخاب لڑیں اور بھٹو کے جیالے کا مقابلہ کریں۔ افتخار شاہد نے کہا 1990ء سے تمام انتخابات میں دھاندلی ہوئی۔ ضمنی الیکشن میں 2013ء کے اصلی نتائج کی عکاسی ہوگی۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل میر نے کہا این اے 122 کا انتخاب دہشت گردوں کے سابقہ حمایتیوں اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہے۔ عوام ترقی پسند قوتوں کا ساتھ دیں گے۔ جلسہ سے زاہد ذوالفقار، عزیزالرحمن چن، رانا اشعر نثار اور شاہدہ جبیں نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں