پشاور (نیٹ نیوز+ بی بی سی) خیبر پی کے کے دوسرے بڑے شہر مردان میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والے نامعلوم افراد کے ایک حملے میں دو اہلکار زبیر اور ولید جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی صبح سات بجے کے قریب مردان سے قریباً تین کلومیٹر دور صوابی روڈ پر شاہ ڈھنڈ قبرستان کے سامنے پیش آیا۔ مردان پولیس کے ایک اہلکار یاسین شاہ نے بتایا کہ مردان ضلعی پولیس کے دو اہلکار ناظمین اور کونسلروں کی تقریب کی سکیورٹی دینے کیلئے موٹر سائیکل پر جارہے تھے اس دوران ان پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس سے دونوں اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ حملہ گھات لگا کر کیا گیا یا حملہ آور کسی گاڑی میں سوار تھے۔ حملے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ اور اردگرد کے علاقوں میں تلاشی کا عمل تیز کردیا ہے چند مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والے دونوں کانسٹیبلزکا تعلق گڑھی کپورہ تھانے سے تھا۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزموں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔