الیکشن کمشن کے ارکان کو متنازعہ بنانے کی بجائے آئینی حل نکالا جائے: پرویز رشید

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان بہانے تراش کر ضمنی انتخاب سے فرار چاہتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ارکان کے معاملے کو متنازعہ بنانے کے بجائے آئینی اور قانونی دائرہ کار میں رہ کر تنازع کو کم کیا جائے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا عمران خان کو جن ارکان پر اعتراض ہے ان ارکان کے تحت خیبر پی کے میں بلدیاتی اور ضمنی انتخابات ہوئے اور انکے نتائج کو پی ٹی آئی نے تسلیم کیا ہے۔ ہمیں تحریک انصاف کے تحفظات کا احترام ہے تاہم انکو بنیاد بنا کر لوگوں کو سڑکوں پر لانا اور اداروں کی تذلیل کرنا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا جوڈیشل کمیشن میں تحریک انصاف کو موقف بیان کرنے کا مکمل موقع دیا گیا تھا۔ حکومت کے ساتھ جو معاہدہ ہوا تھا اس میں واضح طور پر لکھ کر دیا تھا جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے بعد وہ اپنے الزامات نہیں دھرائیں گے مگر افسوس پی ٹی آئی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الزامات دھرا رہی ہے۔ انہوں نے کہا این اے 122میں عمران خان 2002ء اور 2013ء کے الیکشن میں شکست کھا چکے، اب انکا نامزد کردہ امیدوار کیسے جیت سکتا ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان چاہتے ہیں الیکشن کمیشن کے ارکان مستعفی ہوجائیں تاکہ الیکشن کمشن نامکمل ہوجائے اور اس صورت میں ضمنی انتخاب اور بلدیاتی انتخابات موخر ہوجائیں گے۔ الیکشن کمیشن نامکمل ہوگا تو ضمنی انتخاب نہیں ہوسکے گا اور عمران خان کی جان چھوٹ جائیگی۔ انہوں نے کہا جہانگیر ترین کے ساتھ مقابلے کیلئے تیار ہوں اور یقین دلاتا ہوں میرے مقابلے سے آپکا جہاز بھی بک جائیگا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...