پشاور (آن لائن) خیبر پی کے میں غیر قانونی طور پر مقیم 20 افغان پیش اماموں کو ملک بدر کر دیا گیا۔ مزید 300 پیش اماموں کو ملک چھوڑنے کے نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بعد اب تک 500 سے زائد پیش اماموں کو ملک بدر کیا جا چکا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پی کے کے صوبائی دارالحکومت پشاور اور ملحقہ علاقوں سے مختلف مساجد کے 20 افغان پیش اماموں کو ملک بدر کر دیا گیا جبکہ اس حوالے سے غیر قانونی طور پر پاکستان بھر میں مقیم 300 پیش اماموں کو بھی حکومت پاکستان نے ملک چھوڑنے کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم پیش اماموں کی ملک بدری کا فیصلہ سکیورٹی وجوہات کی بنا کیا ہے۔ واضح رہے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بعد سیکورٹی اداروں اور حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ ملک بھر میں غیر قانونی طور پر افراد اور پیش اماموں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اب تک 500 سے زائد غیر قانونی مقیم پیش اماموں کو ملک بدر کیا جا چکا ہے۔
پیش امام ملک بدر