اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ سے ملاقات کی اور اندرون سندھ بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور دیگر مسائل پر ان سے تبادلہ خیال کیا۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے وفاق سے ٹرانسمیشن لائن سے براہ راست بجلی کے حصول کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اقتصادی راہداری کے تحت لگنے والے منصوبوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ سندھ کے توانائی منصوبوں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مطالبہ کیا سندھ کے پاور پلانٹس کیلئے گیس مختص کی جائے۔ مراد شاہ نے جھم پیر کے علاقے کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے کی تجویز دی۔آن لائن کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد شاہ نے کہا وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان بہتر ورکنگ ریلیشن شپ ہے اور مجھے امید ہے اس کا فائدہ بالخصوص توانائی کے شعبے میں بہت جلد ملے گا۔ خصوصی نمائندے کے مطابق وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ بقایاجات کے حوالے سے سندھ اور وفاق کا معاملہ طے ہوا ہے ملاقات میں سندھ اور اندرون سندھ میں لوڈ شیڈنگ پر بات ہوئی سندھ لوڈ شیڈنگ کی شکایات کا ازالہ کریں گے بجلی کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے بقایا جات کے معاملے پر جلد بات طے ہو جائیگی، بقایا جات کے معاملے پر وزارت پانی و بجلی اور سندھ حکومت میں بات ہوئی ہے اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا بقایاجات کے معاملہ پر 20،19 کا فرق رہ گیا ہے بقایاجات کا معاملہ جلد حل ہوجائے گا۔ ملاقات کے بعد مراد شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا خواجہ آصف سے ملاقات بڑی اچھی رہی میں گزشتہ تین سال سندھ کا توانائی کا وزیر رہا ہوں میری ملاقاتیں پہلے بھی ہوتی رہی ہیں ہم پہلے بھی کئی چیزوں پر متفق تھے آج میری بڑی اچھی ملاقات ہوئی۔ میرا یہ ایشو تھا سندھ کے دیہی علاقوں میں بہت زیادہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی تھی خواجہ آصف نے یقین دہانی کرائی ہے لوڈ شیڈنگ میں کمی آئے گی اس سلسلہ میں سندھ میں کچھ بند پاور پلانٹس کے حوالے سے بھی گفتگو کی خواجہ آصف نے مثبت جواب دیا ہے ان کا کہنا تھا کہ مسائل کافی حد تک حل ہو چکے ہیں ہم نے مل کر مسائل کو درست کرنا ہے میں وزیراعظم نواز شریف اور خواجہ آصف کا شکر گزار ہوں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعلی مراد شاہ کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعل جائہ اجلاس ہواجس میں پلان پر عملدرآمد سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔