پانامہ نے بڑے‘ میٹرو نے چھوٹے کو بے نقاب کردیا: طاہر القادری، آج صبح لاہورپہنچیں گے

Aug 31, 2017

قلندن‘ لاہور (عارف چودھری +صباح نیوز) تحریک منہاج القرآن کے سربراہ طاہر القادری اپناایک ہفتے کا دورہ مکمل کرکے آج لندن سے لاہور روانہ ہوگئے۔ ایئرپورٹ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا انتخابی نظام عوام کو حق رائے دہی کا موقع فراہم نہیںکرتا۔ احتساب کا عمل مسلسل جاری رہنا چاہیے۔ سخت اور بلاامتیاز سب کا احتساب ہو۔ شہداءکے خون کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔طاہر القادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے ملک پاکستان میں عید منانے آ رہا ہوں اور نواز شریف اپنے ملک عید منانے چلے گئے۔پانامہ لیکس نے بڑے میٹرو لیکس نے چھوٹے کو بے نقاب کر دیا۔میٹرو کرپشن پر پانامہ لیکس جیسی با اختیار جے آئی ٹی بننی چاہےے،اشرافیہ کی کرپشن پر پردے ڈالنے والے سرکاری نمک حراموں کی کڑی گرفت کی جائے۔اشرافیہ کی جو کرپشن سامنے آ رہی ہے اسکی حیثیت دیگ کے ایک چاول جیسی ہے ،اب قوم کو سمجھ آ جانی چاہےے یہ موٹر وے اور اورنج،میٹرو منصوبے بنانے کےلئے دن رات ہلکان کیوں ہو تے ہیں اور کیوں ان منصوبوں کو شروع کرنے سے قبل ضروری محکمانہ قانونی کارروائی کو بھی بلڈوز کر دیتے ہیں۔نواز شریف کے دور حکومت کے صرف ایک سال میں36وزارتوں میں 3ہزار ارب کی بے ضابطگیوں کی آڈیٹر جنرل پاکستان نے نشاندہی کی ۔شریف برادران نے 30سال صرف کرپشن کی۔سربراہ عوامی تحریک نے ”میٹرو لیکس “پر شہباز شریف کی وضاحتی پریس کانفرنس کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکی کوئی زبان نہیں ،قاتل اعلیٰ نے باقر نجفی کمشن بناتے وقت بھی کہا تھا کہ میری طرف انگلی اٹھی تو گھر چلا جاﺅنگا کمشن نے پورا ہاتھ سر پر رکھ دیا وہ خود توگھر نہیں گئے مگر نجفی کمشن کی رپورٹ کو اپنے گھر بھیج دیا جسے نکلوانے کےلئے ہم اڑھائی سال سے قانونی چارہ جوئی کر رہے ہیں ۔پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے،سا لمیت کی حفاظت کی جائے۔ٹرمپ کے بیان پر پاکستان کے پاس جواب دینے کا سنہری موقع ہے ۔سربراہ عوامی تحریک لندن کے مقامی وقت کے مطابق 4بجے ہیتھرو ائیر پورٹ سے روانہ ہوئے اور قطر ائر ویز پر براستہ دوحہ آج 31اگست صبح8 بجے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائر پورٹ لاہور پہنچیں گے جہاں کارکن انکا استقبال کریں گے۔
طاہر القادری

مزیدخبریں