اسلام آباد (آئی این پی) سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی نے کہا ہے کہ مشرف چاہتا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو امریکہ کے حوالے کر دیا جائے میں نے سخت اختلاف کیا، کوئی بھی جس کو ملک سے ڈی پورٹ کرنا ہو اس کو ملک کے چیف ایگزیکٹو کے دستخط کے بنا ڈی پورٹ نہیں کیا جا سکتا۔بدھ کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اے کیو خان کو امریکیوں کے حوالے نہیں کرنے دیا کیونکہ وہ پاکستان کے ہیرو ہیں، انہوں نے ایٹم بم بنا کر پاکستان کی مدد کی اور دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، کوئی بھی جس کو ملک سے ڈیپورٹ کرنا ہو اس کو ملک کے چیف ایگزیکٹو کے دستخط کے بنا ڈیپورٹ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میرے سے پہلے بھی کچھ وزرائے اعظم تھے جنہوں نے ایمل کانسی اور یوسف رمزی کو ڈی پورٹ کروا کے امریکہ کے حوالے کر دیا تھا ان کا ذکر کوئی بھی نہیں کرتا، سارے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے معاملے کی بات کرتے ہیں، واضح رہے کہ میر ظفر اللہ جمالی اس سے پہلے 2010ءمیں بھی اس قسم کا بیان دے چکے ہیں جس کے کلپس بھی نجی ٹی وی کے پروگرام میں دکھائے گئے۔