صوبہ کے چائلڈ پروٹیکشن بیوروز میں 945 بچے والدین کی یاد میں دل گرفتہ

Aug 31, 2017

لاہور (رفیعہ ناہیداکرام) عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی صوبہ بھرکے چائلڈ پروٹیکشن بیوروز میںمقیم 945بے سہارابچے اپنے گھروںاوروالدین کی یاد میںدل گرفتہ ہوگئے۔ بیورو انتظامیہ کی طرف سے جاری عیدکی تیاریوں پر ان کا معصوم دل کچھ دیرکیلئے بہلتا ضرور ہے مگر مکمل آسودگی نہیں پاتا۔ آج کل جبکہ ہربچہ ماں باپ کے ساتھ عید شاپنگ میںمصروف ہے بے سہارا بچوںکواپنے والدین کا والہانہ پن، بہن بھائیوںکا پیار، گھرکے درودیوار کی خوشبو اور دوستوںکی اٹھکیلیاں بیقرارکررہی ہیں‘ کمپاو¿نڈمیںنصب رنگین جھولے جھول کر دل کابوجھ ہلکا کرنے کی کوشش میں مصروف ہوجاتے ہیں۔ گزشتہ روزنوائے وقت سے گفتگو میں لاہور بیورو میں مقیم 15سالہ گلناز بشیر اور8سالہ عائشہ نے رندھے ہوئے لہجے میں بتایا کہ والدین بہن بھائی اوردادا دادی سبھی کو مس کرتی ہیں یہ لوگ کبھی نہیں بھولتے مگر عید پر توآنسو ہی نکل آتے ہیں۔ 16سالہ سویرا زاہد، 8سالہ نازیہ اشرف اور12سالہ عائشہ اشرف نے کہاکہ سبھی بچے والدین سے عید پر نئے کپڑوں اور مزے مزے کے کھانوںکی فرمائش کرتے ہیں ہمیں بھی یہاں پرکپڑے کھانے تو ملتے ہیں مگر گھرکی بات اور ہے امی بہت مزے کے کھانے بناتی تھیں۔ 15سالہ عابد وارث، 17سالہ حارث اور 16سالہ ابرار اختر نے بتایاکہ عید کی خوشیوں میں سب یادآتے ہیں مگر ہم کوشش کرتے ہیںکہ یہاں زیادہ افسردہ نہ دکھائی دیںکیونکہ یہاں تو سبھی بچے اپنے والدین سے دورہیں ۔ 15سالہ جوجی اسلم، 17سالہ خالدنذیر اور16سالہ سعد بشیر نے کہاکہ ہم یہاںکافی دیرسے رہ رہے ہیں ہمیںاپنے اصل گھرگئے مدت ہوگئی اب بس ہم جب والدین سے ملیںگے اسی دن ہماری عید ہوگی۔

مزیدخبریں