لاہور ، گوجرانوالہ، ممبئی (سپورٹس رپورٹر+ خبرنگار+ کامرس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نمائندگان+ ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، چیچہ وطنی اور جھنگ میں بوسیدہ چھتیں گرنے سے 2 بچے جاں بحق، 3 خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے، بھارت کے شہر ممبئی میں بارش سے 3 افراد ہلاک ہو گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا۔ گوجرانوالہ میں بارش کی وجہ سے اندرون شہر اور دیگر دیگر علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا۔ گٹر ابلنے سے شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ چھانگا مانگا میں ساون بھادوں کی پہلی موسلادھار بارش سے گلیوں، بازاروں میں دو، دو فٹ تک پانی کھڑا ہوگیا جبکہ کئی مقامات پر گھروں میں بھی پانی داخل ہوگیا۔ چیچہ وطنی میں چھت گرنے سے 2سالہ بچہ شان اور طیبہ جاں بحق ہوگئے۔ بھلوال اور گرد و نواح میں آنیوالی موسلا دھار بارش، ہوا سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہو گئی۔ بصیرپور میں کندووال کے قریب نہر میں شگاف پڑگیا جس سے سینکڑوںایکڑاراضی پر تیار دھان و دیگر فصلیں ملیامیٹ ہو گئیں، پانی ملحقہ آبادیوں میں بھی داخل ہوگیا جس سے گھروں میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان تباہ ہوگیا، مکین محصور ہو گئے۔ ننکانہ صاحب اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش، نشینی علاقے زیر آب آگئے جبکہ آسمانی بجلی گرنے سے محنت کش محمد رمضان موٹر سائیکل پر جاتے جھلس کر موقع پر ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔دوسری طرف گزشتہ روز بارش سے پی آئی اے کی پروازوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق ائرلائن انتظامیہ کی موثر حکمت عملی کی وجہ سے کسی بھی پرواز کا رخ متبادل ائرپورٹ کی جانب نہیں موڑا گیا اور صرف کراچی سے سکھر جانیوالی پرواز خراب موسم کی وجہ سے منسوخ کرنا پڑی جبکہ کچھ پروازوں میں 15 منٹ سے 3 گھنٹے تک تاخیر ہوگئی۔ علاوہ ازیں ملک میں جاری حالیہ بارشوں سے بجلی کا ترسیلی نظام شدید متاثر ہوا، دوسری جانب بارشوں کے باعث ڈیمانڈ میں نمایاں کمی ہوگئی جس سے لوڈشیڈنگ میں کمی کردی گئی ہے جبکہ بڑے شہروں میں رات کو لوڈشیڈنگ مکمل ختم کردی گئی ہے۔ لاہور میں بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام شدید متاثر ہوا اور متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ دیگر ڈسکوز میں بھی ایسی ہی صورتحال رہی۔ گزشتہ روز شہروں میں 6 سے 8 جبکہ دیہی علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی گئی۔ گوجرانوالہ میں بارش کے باوجود گیپکو نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ شرقپور شریف اور گردونواح میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔ بجلی بندش کا دورانیہ 16 گھنٹے سے بھی تجاوز کرگیا جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ دوسری طرف بھارت کے شہر ممبئی میں بھی مون سون کی شدید بارش سے 5 افراد ہلاک اور ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہو گیا۔شہر کی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔ امدادی کارکنوں کے مطابق جنوبی ایشیا میں مون سون کے بعد حالیہ بارش سے ایک کروڑ 60 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، نیپال اور بنگلہ دیش میں بارشوں سے 500 افراد ہلاک ہوئے۔ گزشتہ روز ممبئی میں ہونے والی بارش کے بعد ٹرینوں کا نظام معطل ہو گیا اور کئی پروازیں منسوخ ہو گئیں۔ شہر بھر میں سکول بند پڑے ہیں۔ بارش کے بعد پانی ایک ہسپتال میں بھی بھر گیا۔اے ایف پی کے مطابق بھارت، نیپال اور بنگلہ دیش میں حالیہ بارشوں سے قریباً ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے، لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے۔