اقوام متحدہ کے امن مشنز کو اہداف کے حصول کےلئے تمام وسائل فراہم کئے جائیں: ملیحہ لودھی

Aug 31, 2017

نیویارک (آئی این پی+اے پی پی ) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے بجٹ میں تخفیف سے امن مشن بری طرح متاثر ہوں گے‘ امن مشن سے متعلق فیصلہ سازی کے لئے سیاسی کے بجائے زمینی حقائق کو مدنظر رکھا جائے‘ امن مشن کے بجٹ میں کمی کی بجائے ہمیں استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے‘ گزشتہ چھ دہائیوں سے امن مشن میں پاکستانی دستوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے‘ اہداف کے حصول کے لئے دستے فرہام کرنے والے ملکوں کے ساتھ مشاورتی عمل بڑھانا ضروری ہے‘ تنازعات کی بنیادی وجوہات کے حل میں ناکامی امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امن مشن آپریشنز سے متعلق مباحثہ میں اظہار خیال کررہی تھیں ۔ ملیحہ لودھی نے اس موقع پر کہا کہ اقوام متحدہ کے بجٹ میں تخفیف سے امن مشن بری طرح متاثر ہوں گے۔امن پر سرمایہ کاری کے ذریعے ہی ہم پائیدار امن حاصل کرسکتے ہیں۔ عالمی امن و سلامتی اور لوگوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے امن پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ امن مشن پر متعین افراد کو زیادہ سے زیادہ وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔ زندگیاں داﺅ پر ہوں تو کم اخراجات کی بجائے امن کی حقیقی صورتحال کو مدنظر رکھنا ہے۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ سلامتی کونسل غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے سماجی و معاشی ترقی پر زیادہ توجہ دے۔ ریاست اور ریاستوں میں مسائل اور سیاسی تنازعات کے حل پر زیادہ توجہ کی ضرورت ہے۔ تنازعات کی بنیادی وجوہات کے حل میں ناکامی امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اپنے خطاب میں کہا دنیا بھر کے مختلف حصوں میں قیام امن کے لئے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ انہیں تمام وسائل مہیا کئے جائیں اور ان کی کارروائیاں زمینی حقائق کے مطابق ہونی چاہئیں۔ پاکستان عالمی ادارے کے پیس کیپنگ آپریشن میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ بحرانوں کے اصل اسباب تک بغیر قیام امن کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے ۔

مزیدخبریں