مناسک حج کا آغاز 20 لاکھ سے زائد عازمین منی پہنچ گئے آج وقوف عرفات ادا کیا جائیگا

منیٰ/ مکہ مکرمہ (مبشراقبال لون استادانوالہ سے+ ممتاز احمد بڈانی) پاکستان سمیت دنیا بھرسے آئے ہوئے لاکھوں فرزندان اسلام منیٰ میںایک دن اور رات گزارنے کے بعد آج (جمعرات) کو فجر کی نماز منیٰ میں ادا کر کے سورج طلوع ہونے کے بعد لبیک اللھم لبیک کی صدائوںکی گونج میں میدان عرفات کی طرف رواں دواں اور میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کر کے حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ میدان عرفات میں واقعہ مسجد نمرہ میں حجاج کرام خطبہ حج سنیںگے اور ظہر و عصر کی نمازیں ایک اذان اور دو اقامت کے ساتھ ادا کریں گے اور ’’جبل رحمۃ‘‘ جا کر دعائیں مانگیں گے۔ اپنے گناہوں سے استغفار اور نوافل ادا کریں گے۔ سورج غروب ہونے تک وقوف عرفہ کے بعد سورج غروب ہوتے ہی حجاج کرام مزدلفہ کے لئے روانہ ہو جائیں گے جہاںوہ مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ اداکریں گے اور میدان مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے صبح تک قیام کریں گے اور وہاں سے کنکریاں لیکر رمی کے لئے کل 10 ذوالحجہ (جمعۃ المبارک) کو فجر کے بعد واپس منیٰ آجائیںگے یہاں بڑے شیطان (جمرہ عقبہ) کو کنکریاں ماریں گے اور قربانی دیں گے جس کے بعد بال منڈوا کر احرام کھول دیںگے اور طواف زیارۃ کے لئے مکہ مکرمہ جائیں گے وہاں سے واپس منیٰ پہنچ کر 11 اور 12 ذوالحجہ کو منیٰ میں ہی قیام کریں گے اور جمرات کو کنکریاں مارنے کے بعد مکہ مکرمہ کے لئے واپسی شروع ہو جائے گی۔ حج سکیورٹی فورس کے معاون کمانڈر برائے ٹریفک امور میجر جنرل سلیمان العجلان نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت مشاعر مقدسہ کے ایک ایک چپہ پر نگاہ رکھی جائے گی۔ 4 لاکھ سے زیادہ عازمین کو حج کا اجازت نامہ حاصل نہ کرنے کے سبب ان کے ملکوں کو واپس لوٹا دیا گیا ہے۔ سعودی فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی طرف سے کھانے پینے کی اشیائ، ٹھنڈے پانی کی لاکھوں بوتلیں اور خوراک کے پیکٹ اور میاں محمد نواز شریف ان کے خاندان اور الامانہ حج وعمرہ لمیٹڈ کے قاری محمد مکی کی طرف سے بھی حجاج کرام میں فروٹ، جوسز اور کھانے پینے کی اشیاء پر مشتمل پیکٹس اور چھتریاں تقسیم کی جا رہی ہیں۔ عرفات کے میدان میں مسجد نمرہ کے چاروں جانب تاحد نگاہ خیموں کا شہر آباد ہے جہاں معلمین کی نشاندہی کے نشانات لگائے گئے ہیں، سعودی بجلی کمپنی کے چیئرمین انجینئر علی البراس نے بتایا کہ بہترین سروس کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ شہریوںکے تحفظ پر مامور ادارے کے ڈائریکٹر عبداللہ نے صحافیوںکو بتایا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حفاظتی کیمپ تیارکئے گئے ہیں۔غلاف کعبہ(آج)جمعرات کو تبدیل کیا جائیگا ’’کِسوہ‘‘ تیار کرنے والا کارخانہ 1977 میں مکہ میں قائم کیا گیا ، اس کی تیاری کے دوران 670 کلو گرام خالص ریشم کا استعمال ہوتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آج تبدیل کیے جانے والے کسوہ پر اس سال آنے والی لاگت 2 سے 2.5 کروڑ ریال (53.3 لاکھ سے 66.7 لاکھ ڈالر) کے درمیان ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...