لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)ایشین گیمز کے فائنل میں جاپان کے ہاتھوں 0-1 سے شکست کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ۔ دوسرے سیمی فائنل کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا جہاں 18ویں منٹ میں جاپان کے شوتا یمادا نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلا دی۔پاکستان ٹیم کو گول کرنے کے متعدد مواقع ملے تاہم فارورڈز ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور جاپان نے 0-1 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں قدم رکھ دیئے۔ ملائیشیا نے سیمی فائنل میں بھارت کو پنالٹی شوٹ آوٹ پر شکست دیتے ہوئے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ پہلے دو کوارٹرز کے اختتام تک کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔تیسرے کوارٹر کے تیسرے ہی منٹ میں بھارت کے ہرمن پریت سنگھ نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلا دی جبکہ 39ویں منٹ میں ملائیشیا کے فیضل ساری نے پنالٹی کارنر پرمقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ایک منٹ بعد بھارت کے ورون کمار نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلا دی۔ میچ کے اختتام سے دو منٹ قبل ملائیشیا کے محمد رضی رحیم گول کرتے ہوئے ٹیم کو میچ میں واپس لائے اور مقابلہ 2-2 کی برابری پر اختتام پذیر ہوا ۔ پنالٹی شوٹ آوٹ پر بھارت کو 6-7 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یکم ستمبر کو فائنل میں ملائیشیا کا مقابلہ جاپان سے ہوگا جبکہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں برانز میڈل کیلئے میدان میں اتریں گی۔
ایشین گیمز ہاکی : پاکستان‘ بھارت گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر
Aug 31, 2018