ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ‘ تحریک لبیک نے احتجاج ختم کر دیا

Aug 31, 2018

ایمسٹرڈیم/ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ہالینڈ میں ہونے والے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کو منسوخ کر دیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلمان احتجاج کر رہے تھے۔ ہالینڈ کے پارلیمنٹرینز نے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ مزید برآں نیدر لینڈز کی اسلام مخالف جماعت فریڈم پارٹی آف ڈچ کے رہنما گیرٹ ولڈرز نے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کیلئے پیغمبر اسلام کے گستاخانہ خاکے بنانے کے متنازع مقابلے کا اعلان کیا تھا۔ اسلام مخالف جماعت کے رہنما نے اس منافرت انگیز مہم کیلئے تین سال قبل اسی طرز کا مقابلہ جیتنے والے امریکی کارٹونسٹ کو جج مقرر کیا تھا تاہم پاکستان سمیت دنیا بھر سے مسلمانوں کا شدید ردعمل سامنے آنے کے بعد ان مقابلوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ہالینڈ کے اسلام مخالف قانون دان گیرٹ ولڈرز نے جمعرات کی رات جاری ایک تحریری بیان میں کہا کہ دیگر افراد کی زندگیوں کو لاحق خطروں اور قتل کی دھمکیوں کے بعد وہ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عشق رسول سلامت رہے، پاکستان زندہ باد، ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی پاکستانی حکومت اور عوام کی بڑی کامیابی ہے۔

گستاخانہ خاکے منسوخ

اسلام آباد+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک نے اسلام آباد میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک لبیک نے گستاخانہ خاکوں پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ ہونا اخلاقی فتح ہے۔ تحریک لبیک کے وفد سے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ڈچ سفیر نے پیغام دیا کہ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ گستاخانہ خاکوں کے خلاف قومی اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔ ہم نے کابینہ کی ہدایت پر اقدامات اٹھائے اور او آئی سی جنرل سیکرٹری سے ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں سے مسلمانوں میں اضطراب پیدا ہوا۔ گستاخانہ خاکوں کا معاملہ اب بھی عالمی فورم پر اجاگر کریں گے۔ اقوام متحدہ میں بھی معاملہ اٹھائیں گے۔ تحریک لبیک سے گزارش ہے کہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوگیا، منتشر ہو جائیں۔ گستاخانہ خاکوں سے مستقل نجات کیلئے حکمت عملی اپنائیں گے۔ سفارتکاری سے اس مسئلے کو حل ہونا چاہیے۔ ایسے واقعات انتہاپسندی کو فروغ دیتے ہیں۔ اللہ کا کرم ہوگیا کہ گستاخانہ خاکوں کا معاملہ ٹل گیا۔ اس موقع پر تحریک لبیک کے رہنما پیر افضل قادری نے اعلان کیا کہ مطالبہ تھا کہ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ روکا جائے‘ دھرنا ختم کرتے ہیں۔ قبل ازیں احتجاج ختم کرنے کے اعلان سے پہلے تحریک لبیک کا قافلہ رکاوٹیں توڑتا ہوا جہلم میں داخل ہوا وہاں قیام کے بعد گوجرخان سے اسلام آباد کی طرف رواں دواں تھا۔ مختلف مقامات پر لانگ مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی امیر علامہ خادم حسین رضوی نے کہا کہ ناموس رسالت کے مسئلہ پر مجرمانہ غفلت برتی جارہی ہے۔ تمام اسلامی ممالک کے حکمران اپنی غلامانہ ذہنی پستی کی وجہ سے ناموس رسالت کی حفاظت کرنے سے قاصر ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحریک لبیک گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی پر آج جمعتہ المبارک کو یوم تشکر کے طور پر منائے گی، شرکاءنماز جمعہ کے بعد اسلام آباد سے واپس روانہ ہونگے۔

مذاکرات

مزیدخبریں