اسلام آباد (این این آئی)اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق ملتے ہی ضمنی انتخابات میں آن لائن ووٹ کاسٹ کی سہولت میسر کردی گئی۔سمندر پار پاکستانیوں کو ضمنی الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے معاملے پر الیکشن کمشن حکام کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین نادرا عثمان مبین نے بتایا کہ آنیوالے ضمنی الیکشن میں تارکین وطن گھر بیٹھے آن لائن ووٹ ڈالیں گے، ووٹنگ کےلئے نائیکوپ کارڈ،پاسپورٹ اور ای میل ایڈریس لازمی ہو گا۔عثمان مبین نے طریقہ کار سے متعلق بتایا کہ ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کےلئے ای میل اکاو¿نٹ بنائے گا اور خود کار نظام تصدیق کےلئے ووٹرز سے مختلف سوالات بھی کرےگا ،تصدیقی عمل مکمل کرنے پر ووٹر متعلقہ حلقے میں ووٹ ڈال سکے گا۔دوسری جانب الیکشن کمشن حکام کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں مخصوص حلقوں سے تعلق رکھنے والے سمندرپارپاکستانی ووٹرز کی رجسٹریشن کی جائےگی،یکم ستمبر سے 15 ستمبر تک سمندرپار پاکستانیوں کی رجسٹریشن ہو گی۔الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ سمندر پار پاکستانی الیکشن کمشن کی ویب سائٹ یا www.overseasvoting.gov.pk پر 15 ستمبر تک رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔
اوورسیز پاکستانی/ووٹ