کوئٹہ/ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) بلوچستان کی نومنتخب صوبائی کابینہ میں شامل 10 وزراءکو محکموں کے قلمدان سونپ دئیے گئے۔ تحریک انصاف کے نور محمد دومڑ کو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور میر نصیب اللہ مری کو وزارت صحت کا قلمدان دیا گیا ، سلیم کھوسہ کو وزیر داخلہ، عارف حسنی کو وزیر خزانہ، طارق مگسی مواصلات و تعمیرات جبکہ زمرک اچکزئی کو وزیر زراعت مقرر کیا گیا۔ بلوچستان حکومت کے اعلان کے مطابق سردار صالح بھوتانی وزیر خوراک، ضیا اللہ لانگو کو وزارت جنگلات، ظہور بلیدی کو وزیر اطلاعات، سردار چاکر ڈومکی کو سیاحت و ثقافت کا وزیر مقرر کیا گیا۔ علاوہ ازیں خیبر پی کے میں 11 وزراءکو محکمے الاٹ کر دیئے گئے۔ عاطف خان محکمہ سیاحت، کھیل، ثقافت اور امور نوجوانان کے وزیر ہوں گے۔ عاطف خان کو سینئر وزیر کا عہدہ بھی دیا گیا ہے۔ شہرام ترکئی کو محکمہ بلدیات، تیمور سلیم جھگڑا خزانہ، سید اشتیاق کو ماحولیات و جنگلات، قلندر لودھی کو خوراک اور اکبر ایوب کو محکمہ مواصلات و تعمیرات، شکیل احمد کو محصولات، محب اللہ وزیر زراعت، لائیو سٹاک و فشریز، ڈاکٹر امجد کو محکمہ معدنیات و معدنی ترقی، سلطان محمد قانون، ڈاکٹر شیام انعام اللہ کو محکمہ صحت دیا گیا۔
کابینہ/ قلمدان