سیدوالا (نامہ نگار ) گزشتہ روز مین بازارسیدوالا میں ہونے والی خونیں ڈکیتی میں ڈاکوئوں کی گولیوں کا نشانہ بننے والے دونوں شہریوں کے سوگ میں سیدوالا کے تمام تجارتی مراکز بند پولیس سے اظہار یکجہتی کیلئے تاجروں کی ریلی اور پولیس کے حق میں تاجروں کے نعرے دوسری طرف پولیس نے واردات کا مقدمہ 6 ڈاکوئوں کے خلا ف قتل ڈکیتی اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت پولیس مقابلہ میں مرنے والے ڈاکوئوں کی نعشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل ۔خالی مکان میں خود کو محصور کرنے والے دونوں ڈاکو پولیس کے کڑے محاصرہ کے باوجود رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عقبی جانب سے کھیتوں کی طرف فرار ہوگئے ۔ ڈاکوئوں کے قبضہ سے برآمد ہونے والے دوکروڑ روپے سے زائد مالیت کے زیورات اور نقدی مالک کے حوالے اعلیٰ افسران کی طرف سے مقابلہ میں حصہ لینے والی پولیس پارٹی کے جوانوں کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان ۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز مین بازار سیدوالا میں بشارت احمد کی زیوارت کے دوکان سعادت جیولرز پر مسلح 6 ڈاکوئوں نے ہلہ بول کر دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کے زیوارا ت جس میں دو کلو گرام سے زیادہ سونے اور بارہ کلو گرام سے زائد چاندی کے زیورات اور لاکھوں روپے نقدی لوٹ لئے واردات کے دوران ڈاکوئوں نے بشارت احمد کے بیٹے ظفر اللہ کو فائرنگ کر کے قتل کردیا واردات کے بعد ڈاکوئوں نے مین بازار میں دو گھنٹے تک اندھا دھند فائرنگ کی اور فائرنگ کرتے ہوئے موٹر سائیکلوں پر راوی چوک کی جانب فرار ہوگئے راستہ میں ڈاکوئوں کی فائرنگ کی زد میں آکر عمر حیات نامی دوکاندار بھی جاں بحق ہوگیا جبکہ دیہی مرکز صحت سیدوالا کے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر باسط لطیف بھی زخمی ہوئے ۔راوی چوک میں پولیس اور ڈاکوئوں میں مقابلہ شروع ہوگیا جس میں تین ڈاکو عمران عرف مانی ، قاسم عرف کاشی ، عامر عرف عامری ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا چوتھا ساتھی لالی شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس مقابلہ میں مرنے والے ایک ڈاکو قاسم عرف کاشی کے سر کی قیمت آٹھ لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ ملزم قاسم عرف کاشی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ SHO تھانہ مدینہ ٹائون فیصل آباد اور ایک کانسٹیبل شہزاد انصر کو بھی شہید کر دیا تھا انہیں ملزمان نے تھانہ ملت ٹائون فیصل آباد میں دو پولیس کانسٹیبلز کو شہید کردیا تھا اس کے علاوہ مذکورہ ڈاکوئوں نے منڈی بہائو الدین کے علاقہ میں کانسٹیبل عدیل کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا تھا ۔ پولیس کے اعلیٰ حکام نے مفرور ڈاکوئوں کی گرفتاری کیلئے انچارج سی آئی اے سٹاف ننکانہ صاحب مجاہدحسین ملہی اور SHOتھانہ سیدوالا چوہدری محمد یعقوب کی سربراہی میں دو ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو گرفتاری کیلئے شب و رز کام کریں گی ۔
سیدوالا : صرافہ بازار میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کا سوگ، تجارتی مراکز بند
Aug 31, 2018