بھارتی سرکار پاکستانی حکومت سے نئے سرے سے تعلقات کی خواہاں ہے: اجے بساریہ

ننکانہ صاحب(نامہ نگار)بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے کہا کہ بھارت میں بسنے والی سکھ کمیونٹی کی خواہش ہے کہ وہ سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کے 550ویں جنم دن کی تقریبات میں زیادہ سے زیادہ شرکت کر سکیں اس سلسلہ میں ہمارے حکومت پاکستان سے مذاکرات جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورودوارہ جنم استھان کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت پاکستان میں برسراقتدار آنے والی نئی حکومت سے نئے سرے سے تعلقات کی خواہاں ہے جبکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو انکی کامیابی پر ایک چھٹی بھی بھجوائی تھی جس میں انہوں نے مبارکباد دینے کے علاوہ نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا علاوہ ازیں بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے مرکزی گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جہاں کئیر ٹیکر گورودوارہ جنم استھان سید عتیق گیلانی سمیت دیگر نے انہیں گورودوارہ کی تاریخی اہمیت بارے بریفنگ دی۔

ای پیپر دی نیشن