اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر)ایشیا کرکٹ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے بڑے مقابلے کی ٹکٹیں چند ہی گھنٹوں میں فروخت ہو گئیں۔ایشیا کرکٹ کپ کا میلہ 15ستمبر سے متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں سجے گا جس میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ٹورنامنٹ کے فائنل سے پہلے پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان بڑا ٹاکرا 19ستمبر کو ہو گا۔ایشین کرکٹ کونسل کی انتظامیہ نے پاک بھارت میچ کے لیے ایک ہفتے قبل بھی محدود ٹکٹیں آن لائن فروخت کے لیے پیش کی تھیں جو چند ہی گھنٹوں میں فروخت ہو گئی تھیں۔شائقین کے شدید دبائو کی وجہ انتظامیہ نے مزید ٹکٹس آن لائن فروخت کے لیے پیش کیے جو کچھ ہی دیر میں بک ہو گئے۔پندرہ ستمبر سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔