لاہور (سپورٹس رپورٹر + نمائندہ سپورٹس) مقبوضہ کشمیر سے اظہار یکجہتی پر کھلاڑی بھی کسی سے پیچھے نہیں رہے، پی سی بی ، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور سپورٹس بورڈ پنجاب سمیت کراچی میں ریلیاں نکالی گئیں ، کراچی میں معین خان اکیڈمی میں بھی کھلاڑیوں اور فنکاروں نے شرکت کی اور کشمیر سے یکجہتی کا اظہار کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے قذافی سٹیڈیم میں تقریب کا اہتمام کیا جس میں چیئرمین احسان مانی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان سمیت کرکٹر امام الحق، اظہر علی، حسن علی، وہاب ریاض، آصف علی، عابد علی، اسد شفیق، محمد رضوان، بلال آصف، یاسر شاہ، گرانٹ بریڈبرن اور بورڈ آفیشل نے شرکت کی۔ قذافی سٹیڈیم سے ریلی نکالی گئی‘شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔معین خان اکیڈمی کراچی میں بھی کشمیری عوام سے یکجہتی کے لئے تقریب منعقد کی گئی ، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپئن آصف باجوہ نے ریلی کی قیادت کی جس میں قومی کھلاڑیوں نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ کشمیر مصیبت کی اس گھڑی میں اکیلے نہیں ہیں۔ کشمیر کی آ زادی اور خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتے رہے گے۔سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پہلے گجرات اور اب مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کرنے کے سبب ’’لاعلم شخص‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پور ا پاکستان کشمیریوں کیساتھ کھڑا ہے۔ مزار قائد پر کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مودی اور اس کے پیروکاروں نے بھارت کا امیج تباہ کرکے رکھ دیا ہے،مودی کی حرکتوں سے بھار ت پوری دنیا میں ذلیل ہوگیا۔ مقبوضہ کشمیر میں کررہا ہے یہ سب جہالت کی نشانی ہے۔ بچوں او ر خواتین کیساتھ جو سلوک کررہا ہے اس کیخلاف عوام کراچی تا خیبر تک پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے لائن آف کنٹرول پر پختون قبائل ہی بھارت کیلئے کافی ہیں۔ سپورٹس بورڈ پنجاب میںیوم یکجہتی کشمیر بھرپورطریقے سے منایا گیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کی قیادت میں سینکڑوں ملازمین نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں جمع ہوئے اور ریلی نکالی گئی، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان ، ڈائریکٹرسپورٹس شاہد نظامی اور ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصرو دیگر بھی موجود تھے۔ ریلی کے شرکاء نے فیصل چوک میں مرکزی ریلی میں بھی شرکت کی۔ قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپئین خواجہ محمد جنید کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس کی آزادی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ٹیم کے میڈیکل فزیشن ڈاکٹر اسد عباس شاہ کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو ان کا حق دلانے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے ۔فارورڈ اظفر یعقوب کا کہناتھا کہ ہر میدان میںبھارت کو شکست فاش دیں گے۔ مقابلہ کر نے کو تیار ہیں ۔
مودی کی حرکتوں سے بھارت دنیا بھر میں ذلیل ہو گیا
Aug 31, 2019