لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے گیپکو میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ راجہ پرویز اشرف کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سابق وزیراعظم ناساز طبیعت کے باعث احتساب عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، لہذا ان کی حاضری معافی کی درخواست منظورکی جائے۔ نیب پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نے مؤقف اپنایا کہ گزشتہ کئی سماعتوں سے راجا پرویز اشرف عدالت میں حاضر نہیں ہو رہے‘ اب کیس آخری مراحل میں ہے مگر وہ بھی غیر حاضر ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ راجہ پرویز اشرف کو ہر صورت عدالت میں اپنی حاضری کو یقینی بنانا چاہئے۔ عدالت نے سابق وزیراعظم کی حاضری سے معافی کی درخواست مستردکرتے ہوئے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور انہیں 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کر دیا۔