لاہور (نیوز رپورٹر) شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں 26 دن سے مسلسل لاک ڈائون، کرفیو اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی مقبوضہ کشمیر کو ظلم، غیرقانونی طورپر بھارت میں ضم کرکے ہضم نہیں کرسکتا، بڑی سے بڑی اور ظالم فوج کسی جنگ آزادی کو دباسکی ہے نہ دبا سکے گی، طاقت کو ویتنام، افغانستان میں شکست ہوئی، کشمیر بھارتیوں کا قبرستان بنے گا۔ جمعہ کو کشمیریوں سے یک جہتی کا اظہارکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ مودی کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ مودی جتنا چاہے ظلم کرلے، کشمیریوں کی آزادی نوشتہ دیوار ہے۔ مودی کا ہر ظلم مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی صبح قریب لارہا ہے۔ مودی کا ہر ظلم بھارت کی بہادر کشمیریوں کے ہاتھوں شکست لکھ رہا ہے۔ انسانیت سوز مظالم پر ایک دن مودی کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ چلایاجائے گا۔ مودی ایک اور ہٹلر اور ملازوچ ہے، انجام بھی ویسا ہی ہوگا۔ مودی نے خود کو صرف انسانیت کا قاتل ثابت کیا۔ بدترین ظلم کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں ’کشمیر بنے گا پاکستان‘ کا نعرہ مودی کی ہار ہے۔ کشمیر بھارتی حکمرانوں کے تکبر کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔
بڑی سے بڑی فوج تحریک آزاذی دبا نہیں سکتی، مودی کا ہر ظلم بھارت کی شکست لکھ رہا ہے: شہباز شریف
Aug 31, 2019