مہنگائی: افسروں کیخلاف کارروائی کافی نہیں ، نتائج آنے چاہئیں : عمران

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پیر کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد اور ان کی قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر،  وزیر خوراک سید فخر امام، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، وزیر مملکت  اطلاعات فرخ حبیب، معاونین خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، ڈاکٹر ثانیہ نشتر،  جمشید اقبال چیمہ اور متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو  ملک میں چینی اور گندم کے موجود سٹاک  کے حوالے سے  تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں واضح کمی لانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ خوردنی تیل کی قیمتوں میں  10 سے 15 روپے  کلو کمی کی توقع ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے عام آدمی متاثر ہوتا ہے لہذا چیف سیکرٹریز بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں  میں استحکام  خصوصاً منڈی اور پرچون میں غیر منطقی فرق کو ختم کرنے کے حوالے سے ہر ممکنہ انتظامی اقدام کو یقینی بنائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ محض انتظامی افسران کے خلاف کارروائی ناکافی ہے،  مہنگائی کم کرنے کے حوالے سے انتظامی اقدامات کے نتائج سامنے آنے چاہئیں تاکہ عوام کو ریلیف میسر آئے۔ اسکے علاوہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چینی اور گندم کی مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے مفصل منصوبہ بندی اور بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں نئے آبی ذخائر کی تعمیر ملکی توانائی کی ضروریات پورا کرنے اور سستی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین سے ملاقات کے دوران کیا۔  وزیراعظم نے ڈیموں کی تعمیر میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات کی کہ تعمیراتی کام کو مقررہ کردہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔  انہوں نے کہا کہ پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے نئے ڈیمز کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔  دریں اثناء وزیراعظم نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کیلئے بہت اہم ہیں۔ ماضی میں چھوٹی صنعتوں کو نظرانداز کیا گیا۔ چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو مراعات اور سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے فروغ کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کارروبار میں آسانیوں کی پالیسی کے تحت چھوٹے کاربار کرنے والوں کو مراعات اور آسانیاں فراہم کی جائیں۔ مجوزہ ایس ایم ای پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔ وزیراعظم عمران خان  وزارت داخلہ‘ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونی کیشن سے متعلقہ افسران کے اجلاس کی بھی صدارت کی۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت جرائم کی روک تھام کیلئے یونیورسل پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن کا اجراء کرے گی۔  وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ملک میں جرائم پر قائو پانے کیلئے جلد از جلد سروس کے آغاز میں تمام رکاوٹوں کو دور کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔  وزیراعظم عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کی وبا کے دوبارہ پھیلاؤ کو روکنے میں حکومت کا ساتھ دیں اور حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کریں۔ ٹوئٹر پر وزیراعظم نے ’’ماسک پہنیں، زندگیاں بچائیں‘‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ خیر خواہ، ایک دوسرے کے خیر خواہ کے ٹائٹل سے ایک ویڈیو جاری کی۔  انہوں نے لکھا کہ خیر نال جا اور خیر نال آ، ایسے ہی بنیں ایک دوسرے کے خیرخواہ۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...