اسلام آباد(نا مہ نگار/چوہدری شاہد اجمل)وزیر اعظم کی ہدایت پروزارت قومی صحت نے وفاقی حکومت کے زیر انتظام ہسپتالوں کے طبی عملے کو کورونارسک الائونس کی ادائیگیوں کی مد میں ایک ارب 97کروڑ65لاکھ40ہزار روپے کی منظور ی دیدی ہے ، مجموعی طور پر 9191ملازمین کوکرونا الائونس کی مد میں ان کی ساڑھے پانچ ماہ کی بنیادی تنخواہ ادا کے مساوی ادائیگی کی جائیگی ۔’’نوائے وقت‘‘کے پاس دستیاب وزارت قومی صحت کے نوٹیفکیشن کے مطابق ہسپتالوں کو کرونا رسک الا ؤنس کی ادائیگیوں کے لیے اضافہ فنڈز فراہم کئے جائیں گے جو وزارت صحت رواں مالی سال2021-22کے اپنے بجٹ سے ادا کرے گی۔نوٹیفیکیشن کے مطابق مجازاتھارٹی کی طرف سے منظور کر دہ بجٹ فوری طور پر جاری کر نے کی بھی ہدایت کی گئی ہے،مزید ہدایت کی گئی ہے کہ ہسپتالوں کی طرف سے پہلے سے کلینکل سٹاف کی فراہم کردہ فہرست کے مطابق الائونس دیا جائے جبکہ اے جی پی آر کے ذریعے تنخواہیں وصول کر نے والے آفیسرز اور ستاف کو کرونا الائونس کی ادائیگی بھی اے جی پی آر کے ذریعے براہ راست ان کے بینک اکائونٹس میں ہی کی جائے گی تاہم وہ ملازمین جو اے جی پی آر کے ذریعے تنخواہیں وصول نہیں کر تے ان کو الائونس کی ادائیگی ڈی ڈی اوز کے ذریعے ان کے بینک اکائونٹس میں کی جائے گی کسی ملازم کو کیش ادائیگی نہیں کی جائے گی۔نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف سنٹرل ہیلتھ اسٹبلشمنٹ اسلام آباد کے321ملازمین ،پولی کلینک ہسپتال کے 1632،نرم ہسپتال کے 206ملازمین،فیڈرل گورنمنٹ ہسپتال کے254ملازمین،پمز ہسپتال کے 4680ملازمین،نیشنل ہیلتھ ایمرجنسی پرپیرڈنس نیٹ روک کے 2،فیڈرل گورنمنٹ ٹی بی سنٹر راولپنڈی کے 56،قومی ادارہ صحت کے133،اسلام آباد کے ضلعی محکمہ صحت کے 561 اورشیخ زید پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ لاہور کے1346ملازمین کو کرونا رسک الائونس کی ادائیگیاں کی جائیں گی۔