سامراج کے ایجنٹوں نے ملک و قوم کو ہائی جیک کر رکھا ہے: سراج الحق

Aug 31, 2021

لاہور‘ پشاور (خصوصی نامہ نگار + بیورو رپورٹ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حکومتی پارٹی اور نام نہاد بڑی اپوزیشن جماعتیں اپنے مفادات کی اسیر ہیں۔ مفاد پرست طبقہ دہائیوں سے اقتدار کے ایوانوں میں براجمان، ملک اور قوم ان کی ترجیحات میں کبھی بھی شامل نہیں رہا۔ سیاسی جماعتوں کو بار بار مشورہ دیا کہ الیکشن ریفارمز کے لیے مذاکرات کریں۔ جماعت اسلامی نے اصلاحات کا ایک مکمل ڈرافٹ سب کے ساتھ شیئر بھی کیا۔ لگتا ہے کہ سٹیٹس کو کے محافظ حقیقی جمہوریت اور عوامی حکومت نہیں چاہتے۔ وزیراعظم اور ان کی ٹیم عام آدمی کے حالات جاننے کی کوشش کریں تو پرفارمنس کے دعوے نہیں کر سکیں گے۔ حکومت وضاحت کرے نیٹو فورسز کے افراد کو اسلام آباد و دیگر بڑے شہروں کے ہوٹلوں میں کیوں ٹھہرایا جا رہا ہے۔ نوجوان ہمارا ساتھ دیں، ہم انہیں مایوس نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں جماعت اسلامی یوتھ کے کامیاب ’’کاروانِ انقلاب‘‘ کے انعقاد پر ذمہ داروں کے اعزاز میں عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ چند بھیڑیوں، درندوں، استعمار اور سامراج کے ایجنٹوں نے عوام، اداروں، سیاست، دین، ملک اور قوم کو ہائی جیک کر رکھا ہے۔ نوجوانوں کے ذریعے ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے۔ جماعت اسلامی اداروں کی اونے پونے فروخت کی شدید مزاحمت کرے گی۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اداروں میں استحکام کے لیے ملازمین اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کی جائے۔ اس موقع پر کاروانِ انقلاب میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ذمہ داران میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ سراج الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کے حقوق غصب  اور ان کا مستقبل حکومت کی پیدا کردہ مہنگائی، بیروزگاری ، مایوسی اور غربت کے ہاتھوں خطرات سے دو چار ہے نہ صرف نا خواندہ بلکہ پڑھے لکھے اور ڈگری ہولڈر نوجوان بھی والدین پر بوجھ بن گئے ہیں۔ ہم نوجوانوں کے حقوق کیلئے آواز اٹھائیں گے۔ جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل اور صوبائی صدر صدیق الرحمن پراچہ نے کہا نوجوان پاکستان کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کے لئے جے آئی یوتھ کا ساتھ دیں۔

مزیدخبریں