لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے فورٹ منرو میں قبائلی عمائدین اور معززین علاقہ نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ بلوچی اور سرائیکی زبان میں عمائدین سے ’’حال احوال‘‘ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو فعال کر کے دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے۔ فورٹ منرو سمیت کوہ سلیمان کے مکینوں کو شہروںکے مساوی سہولیات فراہم کریں گے۔ سابق حکمرانوں نے جان بوجھ کر کوہ سلیمان، فورٹ منرو اور دیگر پسماندہ علاقوں کو نظر انداز کیا۔ ماضی کی حکومت نے پسماندہ اضلاع سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جبکہ ہماری حکومت پسماندہ اور وسائل سے محروم علاقوں کی مساوی ترقی پر کام کررہی ہے۔ پی ڈی ایم کا غیر فطری اتحاد مکافات عمل کا شکار ہو کر بکھر چکا ہے۔ 11جماعتوں پر مشتمل غیر فطری اتحاد11 ماہ بھی نہیں چل سکا۔ پی ڈی ایم کو اپنے منفی رویے پر نظر ثانی کرنی چاہئے۔ کراچی کا ناکام جلسہ کرچی کرچی اتحاد کے لئے نوشتہ دیوار ہے۔ پی ڈی ایم کی قسمت میں رونا ہی لکھا ہوا ہے اور یہ آئندہ بھی روتے رہیںگے۔ عثمان بزدار نے آج31اگست کو صوبائی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔31 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار سے ملتان ائیرپورٹ کے لائونج میں ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے کہاکہ سمت درست اور نیت نیک ہے۔ ون مین شو پر یقین نہیں، سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں اور مشاورت کے ساتھ فیصلے کئے جاتے ہیں۔ ملتان شہرکے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے گا اور شہر میں سیوریج اور واٹر سپلائی کے نظام میں بہتری لائی جائے گی۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے رولز آف بزنس کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے رولز آف بزنس کو عرق ریزی اور محنت سے مرتب کیا گیا ہے۔ سیکرٹریٹ کو انتظامی خود مختاری دیں گے۔
گیارہ جماعتوں کا غیر فطری اتحاد 11 ماہ بھی نہیں چل سکا :عثمان بزدار
Aug 31, 2021