لاہور‘ فیصل آباد (نیوز رپورٹر + نمائندہ خصوصی) معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ فیصل آباد کے نواحی علاقوں میں طلبہ و طالبات کے 39سرکاری سکولوں کو پرائمری سے مڈل میں اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں ڈجکوٹ، سیلونی جھال، روشن والی جھال اور ستیانہ کے مختلف علاقوں کے سکول شامل ہیں۔ کلاسز کے اجراء کے افتتاح پر معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ اس اقدام سے مڈل تعلیم کی سہولیات سے محروم ہونے والے ہزاروں بچے اور بچیاں اپنے علاقے میں مزید تعلیم حاصل کر سکیں گی۔ اساتذہ سے گزارش کی بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے اور انکے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ میرا خواب ہے کہ بچوں کے ساتھ ساتھ ہماری بچیاں بھی زیور تعلیم سے آراستہ ہوں اور ہر گھر کا بچہ تعلیم حاصل کرے گا۔ میرا خواب ہے اپنے علاقے کا لٹریسی ریٹ سو فیصد تک کیا جائے۔ جالندھر میں لڑکیوں کا ڈگری کالج اور ڈجکوٹ میں لڑکوں کا ڈگری کالج منظور ہو چکا ہے جلد ہی تعمیر کا آغاز کیا جائے گا۔ معاون خصوصی نے وزیراعلیٰ اور ڈاکٹر مراد راس کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔