اسلام آباد(نیوزرپورٹر) سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ نئی نسل کو اپنی تاریخ، قومی و بین الاقومی مسائل سے باخبر رکھناہماری ذمہ داری ہے، امریکہ 20 سال بعد افغانستان سے انخلا کررہا ہے ،گولی کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی، مودی کو تنبیہ کرتا ہوں مقبوضہ کشمیر سے اپنی فوجیں نکال لے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی کتاب ‘‘ٹاپ 100 انویسٹیگیشنز سٹوریز ‘‘ کی تقریب رْونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت و کتاب کی رْونمائی امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کی، کتاب کی تقریب رْونمائی کورونا وائرس کیخلاف اختیاطی تدابیر کے مدنظر ویڈیو لنک کی ذریعے کی گئی، سینیٹر رحمان ملک کی کتاب 108 ابواب و 505 صفحات پر مشتمل ہے۔انہوںنے کہاکہ کتاب لکھنے کا مقصد عوام کو اہم تحقیقات اور قومی مسائل سے آگاہ کرنا تھا، نئی نسل کو اپنی تاریخ، قومی و بین الاقومی مسائل سے باخبر رکھناہماری ذمہ داری ہے۔انہوںنے کہا آج جس وقت اس کتاب کی رونمائی ہے تو ہمارے مشرق و مغرب کی سرحدوں پر حالات غیر معمولی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ امریکہ 20 سال بعد افغانستان سے انخلا کررہا ہے ،گولی کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی، مودی اس بات کو یاد رکھے ۔ا اہم قومی و بین الاقوامی معاملات پر رحمان ملک کی کتاب حقیقت میں اس نظام کے خلاف ایف آئی آر ہے ۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جن میں پروفیسر ایوب صابر، طاہر خلیل اور شفقت علی شامل تھے۔ تقریب کے اختتام پر مصنف رحمان ملک نے نامور صحافیوں اور دیگر شرکا میں کتاب تقسیم کی اور ان سب کا شکریہ ادا کیا۔