اسلام آباد(نا مہ نگار) این سی او سی کے حالیہ اجلاس میں ملک بھر میں تعلیمی اداروں کی بندش کے نئے فیصلوں کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولزپاکستان کا ہنگامی اجلاس ایسوسی ایشن کے چیئرمین صاحبزادہ سجاد مسعود چشتی کی زیر صدارت گزشتہ روزمنعقد ہوا، اجلاس میں شریک چیئرمین ملک عمران،جنرل سیکرٹری عطرت نقوی سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ حکومت کورونا کی آڑ میں ملک میں صرف تعلیمی اداروں کو ہی نشانہ بنارہی ہے۔بدقسمتی سے حکومت اپنے کسی بھی حکمنامے پر عمل درآمد کا ڈھونگ رچانے کے لیے تعلیمی اداروں کو آسان ٹارگٹ سمجھتی ہے جس سے مسائل میں اضافہ اور تعلیمی سلسلہ شدید متاثر ہورہاہے۔ اجلاس میں کہاگیاہے کہ وہ بطور ایسوسی ایشن صوبہ سندھ میں تعلیمی اداروں کی بلا جواز بندش اور کی مذمت کرتے ہیں۔اجلاس میں اعلان کیا گیاہے کہ کراچی میں اور سندھ بھر میں ہونے والے احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز پاکستان (NAPS) کے شریک چیئرمین ملک عمران کا کہنا تھاکہ کورونا کی آڑ میں تعلیمی اداروں کو مسلسل ٹارگٹ کیا جارہاہے ۔