الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام برما ٹائون میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح

اسلام آباد(نامہ نگار)الخدمت فاؤنڈیشن  اور جونیئر جناح ٹرسٹ کے زیر اہتمام برما ٹائون میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح،افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی اسلام آباد کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت ملک عبد العزیزتھے ۔اس موقع پرالخدمت فائونڈیشن اسلام آباد کے صدر حامد اطہر ملک، سیکرٹری جنرل الطاف شیر، ڈاکٹر باقر خان خاکوانی، معروف دینی رہنما مولانا نور الرحمان ، منیجر صاف پانی تیمور طاہر سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب میں ملک عبد العزیز نے الخدمت فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے مشکل کی ہر گھڑی میں بڑھ چڑ ھ کر خدمت خلق کا کام کیا ہے۔اور کورونا کے دوران بھی ملک بھر میں کام کرنے والی 160 این جی اوز میں الخدمت سرفہرست رہی۔ملک عبد العزیز نے کہا کہ بر ما ٹائون میں پانی کی کمی تھی اور اہل علاقہ مضرِ صحت پانی پینے پر مجبور تھے مگر اب واٹر فلٹریشن پلانٹ لگنے کے بعد اہل علاقہ کا ایک دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔حامد اطہر ملک نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب سے اہل علاقہ کو روزانہ 20 ہزار لیٹر پانی میسر آئے گا جس سے برما ٹائون کے2,000 خاندان مستفید ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت اس پلانٹ کی باقاعدہ مینٹیننس اور دیکھ بھال کا کام بھی کرے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس پلانٹ سے علاقہ مکین ایک روپے کی معمولی قیمت سے پانی لے سکیں گے ۔ حامد اطہرملک کا کہنا تھا کہ بر ما ٹائون میں پانی کی کمی بھی تھی اور اہل علاقہ مضرِ صحت پانی پینے پر مجبور تھے۔

ای پیپر دی نیشن