3سالہ بچی والد کے حوالے، ماں عدالت عالیہ میں ہی چکراکر گر گئی

ملتان (سپیشل رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ نے بچے کی حوالگی کے لئے دائر درخواست پر سماعت کے بعد 3سالہ بچی کو اس کے والد کے حوالے کردیا ہے۔ اس موقع پر صدمہ سے بچی کی ماں عدالت ہی میں چکر کھا کر گر گئی۔ اس دوران بچی بھی زور زور سے رونے لگی۔ اس موقع پر عدالت عالیہ نے ریمارکس دیے کہ گھروں میںہونے والے آپس کے جھگڑوں کا اولاد پر انتہائی منفی اثر پڑتا ہے۔ یہ کس قدر افسوس ناک ھے کہ ماں باپ لڑتے رہتے ہیں اور اس دوران بچے اپنا معصوم بچپن کہی کھو دیتے ہیں۔ اس موقع پر عدالت عالیہ نے خاتون کو ہدایت کی کہ وہ اپنی بچی کی تحویل کے لئے گارڈین کورٹ سے رجوع کر سکتیہیں۔ عدالت عالیہ میں رٹ درخواست دائر کرتیہوئے خاتون آرزو بی بی نے موقف اختیار کیا کہ اس کے خاوند اورنگزیب  نے اسے گھر سے نکال کر 3 سالہ بچی قندیل فاطمہ کو اپنی تحویل میں رکھ لیا ہے۔ عدالت نے پولیس کے زریعے بچی کو بازیاب کرالیا۔ تاہم دونوں فریقین کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد بچی کو اس کے والد کے ساتھ بھیج دیا ۔

ای پیپر دی نیشن