لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت دُبئی ایکسپو میں شرکت کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے بنائی گئی سٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس دربار ہال سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ اجلاس میں دُبئی ایکسپومیں شرکت کے لئے مختلف تجاویز اور اقدامات کی منظوری دی گئی۔ صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت، سیکرٹری صنعت وتجارت ڈاکٹر واصف خورشید، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، چیئرمین ٹیوٹا، چیئرمین پیڈمک اور متعلقہ افسروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر ارفع اقبال نے دُبئی ایکسپو میں شرکت کے حوالے سے کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ماہ نومبر میں دُبئی ایکسپو میں بھر پور شرکت کرے گی۔ دُبئی ایکسپو میں پنجاب بزنس انوسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گااور صوبے کی ثقافت اور تجارت کو بھر پور طریقے سے اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کار دوست ماحول اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے دُبئی ایکسپو میں آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کو فوکس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ایوان ہائے صنعت وتجارت کی دوبئی ایکسپو میں مناسب نمائندگی ہونی چاہیے۔