ای سی سی : اٹلی ، جاپان ، سپین کیساتھ قرض ری شیڈولنگ کے 6 معاہدوں کی منظوری 

Aug 31, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ کی صدارت میں ای سی سی کے اجلاس میں جی20 ممالک کی طرف سے کرونا کے بعد ڈیٹ ریلیف دینے کے اقدام کے تحت  اٹلی، جاپان اور  سپین کے ساتھ  ڈیٹ ری شیڈولنگ کے 6 معاہدوں پر دستخط کی منظوری دے  دی۔ اکنامک افئیر ڈویژن ان معاہدات پر دستخط کرے گا۔ گندم کے سٹرٹیجک  ذخائر 20لاکھ میٹرک ٹن  رکھنے کی بھی منطوری دی گئی۔ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے نتیجے میں اگلے گندم کی بوائی کے سیزن کے لیے کسانوں کے مالی مسائل، گندم کی مقامی قیمتوں میں اضافے اور ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کے مسائل کے پیش نظر، موجودہ سطح  ناکافی تھی ، لہٰذا، گندم کی دستیابی کو یقینی بنانے اور گندم کی مقامی قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لیے، یہ تجویز کیا گیا کہ گندم کے سٹرٹیجک ذخائر کی مقدار کو 2  ملین میٹرک ٹن کی سطح پر برقرار رکھا جائے۔  ای سی سی نے 3  ملین ٹن گندم کی درآمد کے لیے ای سی سی کے فیصلے پر نظرثانی کی منظوری دی اور سارک فوڈ بینک کے اکاؤنٹ پر 0.080 ایم ایم ٹی  اور  دو ملین ٹن  سٹرٹیجک  ذخائر کی سطح پر رکھنے کی منظوری دی۔ ٹی سی پی کو ہدایت کی گئی کہ وہ   اوپن ٹینڈر  یا حکومت سے حکومت کی سطح پر مزید 8لاکھ ٹن گندم کا  بندوبست کرے۔  نجی شعبے کو 8لاکھ ٹن گندم کی درآمد کی اجازت ہو گی،  گندم کی ایسی درآمد پر سبسڈی فراہم نہیں کی جائے گی۔ ای سی سی نے ایف اے ٹی ایف، اے پی جی کی  ٹیم کی ان سائٹ وزٹ  کے ضمن میں 70لاکھ روپے کی  تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی، ٹیم 29اگست سے 2ستمبر تک پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔واضح رہے کہ اس ٹیم کی رپورٹ کی روشنی میں  پاکستان  کو گرے لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ ہونا ہے۔ وزارت مواصلات نے این ایچ اے کے بزنس پلان کو مرتب کر نے کے لئے  وقت کو   30 ستمبر 2022 تک  توسیع دینے کی سمری پیش کی۔  ای سی سی نے غور و خوض کے بعد اس شرط کے ساتھ منظور کیا کہ مزید توسیع نہیں دی جائے گی۔ غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کی وزارت نے 2022 کے سیلاب کے متاثرین کے لیے ہنگامی نقد امداد کے لیے ایک سمری جمع کرائی۔ ای سی سی نے سمری کی منظوری دی اور بی آئی ایس پی کو ہدایت کی کہ  وہ فی متاثرہ گھرانہ25ہزار روپے ادا کرے ۔ مفتاح اساعیل سے پاکستان افغانستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے اس کے چیئرمین زبیر موتی والا کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد نے وزیر خزانہ کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کے موجودہ منظر نامے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت سے متعلق درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔  مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ حکومت پاکستان اور افغانستان کے درمیان غیر کاشت شدہ تجارتی امکانات سے بخوبی آگاہ ہے اور اس کا مقصد پڑوسی ممالک بشمول افغانستان کے ساتھ تجارتی حجم کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان افغانستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مسائل کے حل کے لیے عمل کو تیز کریں۔ ادھر وزیر خزانہ کی زیر صدارت کامیاب پاکستان پروگرام کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، صدر نیشنل بنک و دیگر حکام نے شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پروگرام حکومت کے غربت خاتمے کے وژن کا عکاس ہے۔ کامیاب پاکستان پروگرام اب وزیراعظم آفس سے چلایا جائے گا۔ کامیاب پاکستان پروگرام معاون خصوصی امور نوجوانان کے ماتحت ہوگا۔ وزارت خزانہ کامیاب پاکستان پروگرام کو مکمل سپورٹ کرے گی۔

مزیدخبریں