کراچی (نیوز رپورٹر) ڈاکٹر سید جنید علی شاہ کو ایک مرتبہ پھر پرائیویٹ ہاسٹلز اینڈ کلینکس ایسوسی ایشن کا صدر منتخب کرلیا گیا جبکہ ڈاکٹر فرحان عیسی ایسوسی ایشن کے نئے جنرل سیکریٹری ہونگے۔ کراچی جیم خانہ میں منعقدہ الیکشن اجلاس میں منتخب ہونے والے دیگر اراکین میں ڈاکٹر بلال فیض نائب صدر۔ ڈاکٹر محمد اقبال جوائنٹ سیکرٹری۔ نعیم اختر خزانچی۔ قمر زمان میمن اور ڈاکٹر ارم مرزا ممبران شامل ہیں۔ بعد ازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوے ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا کہ اسوقت سیلاب نے پورے ملک میں تباہی مچادی ہے ہم نے ماضی میں کووڈ کے بحران میں بھی لوگوں کی کافی مدد کی تھی اور اب بھی ہمارے تمام ممبران ہسپتال سیلاب سے متاثرین کی مدد کیلیے کوشاں ہیں اور اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے۔ انھوں نے ان تمام افراد اور اداروں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے اس کار خیر میں ہم سے تعاون کیا۔ ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے بتایا کہ ایسوسی ایشن کا دائرہ وسیع کرنے کے لئے ملک میں تمام ہیلتھ کئیر ایسو سی ایشنز سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نو منتخب جنرل سیکریٹری ڈاکٹر فرحان عیسی نے تجویز پیش کی کہ ایسوسی ایشن کو ایف پی سی سی آئی سے رجسٹرڈ کرایا جائے۔ جس کیلیے انھوں نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ ڈاکٹر بلال فیض نائب صدر کا کہنا تھا کہ ہمیں سندھ ہیلتھ کمیشن کی ایس او پیز پر عمل درامد کو یقینی بنانا ہوگا۔ ڈاکٹر قمر زمان میمن نے کہا کہ ہمیں ہیلتھ کیئر ایکوپمنٹ کی امپورٹ پالیسی کے بارے میں ایف بی آر سے بات کرنی چاہیئے۔ ہل پارک جنرل ہسپال کے سی ای او نفیس الرحمن نے کہا کہ اسپتالوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے اضافی سیلز ٹیکس کے حوالے سے کورٹ سے حکم امتناہی حاصل کرنا چاییے۔ ڈاکٹر محمد اقبال نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایسوسی ایشن کا آیندہ اجلاس انڈس میڈیکل کالج و اسپتال ٹنڈو محمد خان میں منعقد کیا جائے۔
پرائیویٹ ہاسپلز اینڈ کلینکس ایسوسی ایشن کے انتخابات
Aug 31, 2022