کراچی (نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے تعمیراتی کام میں جو رکاوٹ آئی اسے جلد دور کیا جائے، شہر بھر میں ترقیاتی پروجیکٹس کو بروقت مکمل کرنے کے لئے حکمت عملی بنالی، ککری گراؤنڈ میں باکسنگ رنگ اور پویلین کا تعمیراتی کام مکمل کرکے 15 ستمبر تک کھول دیا جائے گا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق شہری سہولیات کی بحالی اور انہیں اپ گریڈ کرنے کے لئے ہر سطح پر کام کئے جا رہے ہیں، یہ بات انہوں نے منگل کے روز لیاری میں جاری مختلف ترقیاتی اسکیموں اور نیوویسٹ وہارف روڈ اور متصل علاقوں میں بارشوں سے تباہ سڑکوں کی تعمیرنو کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، اس موقع پر پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے عہدیداران خلیل ہوت، شکیل چوہدری، وقاص شوکت اور دیگر بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ککری گراؤنڈ میں جاری اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا جائزہ لیا جسے کراچی نیبرہوڈ امپروومنٹ پروگرام کے تحت تعمیر کیا جارہا ہے،انہوں نے کھارادر میں اللہ رکھا پارک کا بھی معائنہ کیا اور اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے لیاری میں سیلاب متاثرین کے کیمپ کا بھی دورہ کیا اور پارٹی عہدیداران کے ہمراہ کیمپ میں عطیات جمع کرائے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باوجود ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رہے گا، لیاری سمیت ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں میں متاثرہ سڑکوں کے انفراسٹرکچر کو تیزی سے کام کرکے بہتر بنایا جائے گا، شہریوں کو روزمرہ زندگی میں مشکلات سے بچانا اور شہری سہولیات کے معیار کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے، لیاری میں فٹ بال، باکسنگ اور دیگر کھیلوں کے شائقین کی بڑی تعداد رہائش پذیر ہے اور یہاں کے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لئے ضروری ہے کہ نہ صرف یہاں نئے اسپورٹس گرائونڈ تعمیر کئے جائیں بلکہ پہلے سے دستیاب کھیلوں کی سہولیات کو بھی بہتر کیا جائے، اسی مقصد کے تحت ککری گرائونڈ میں باکسنگ رنگ اور پویلین کا تعمیراتی کام کیا جارہا ہے جس کی تکمیل سے یہاں بڑی تعداد میں شائقین باکسنگ کے مقابلوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے جبکہ ابھرتے ہوئے باکسرز کو بھی اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور اعلیٰ سطح پر مقابلوں کے لئے خود کو تیار کرنے میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ کھارادر جیسے کراچی کے قدیم علاقے میں موجود اللہ رکھا پارک علاقہ مکینوں کے لئے تفریح کا ذریعہ ہے، پوری کوشش کر رہے ہیں کہ یہاں پارکوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے تاکہ ہر عمر کے لوگ یہاں آکر خوشگوار وقت گزار سکیں، انہوں نے کہا کہ نیوویسٹ وہارف روڈ اور متصل علاقوں میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے متاثرہ سڑکوں کی تعمیر نو جاری ہے جس سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی، اندرون سندھ سیلاب متاثرین کے لئے لیاری اور دیگر علاقوں میں ریلیف کیمپ لگانے کا مقصد مصیبت میں مبتلا اپنے بھائی بہنوں کی مدد کرنا ہے، اس کام میں پیپلزپارٹی کی پوری قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سمیت میدان عمل میں ہے، ہم اپنے ہم وطنوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی بحالی کے لئے جو بھی ممکن ہوسکا ضرور کریں گے۔